نازیہ حسن پاکستانی پاپ گلوکارہ کی یاد میں
پاکستان کی پہلی عالمی شہرت یافتہ پوپ گلوکارہ نازیہ حسن بیگ 3 اپریل 1965ء کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ وہ ایک ہمہ جہت گلوکارہ تھیں۔پاکستانی موسیقی میں انہوں نے ایک نئی جہت متعارف کرائی۔انہوں نے اپنے بھائی زوہیب حسن کے ساتھ مل کر پوپ موسیقی کے کئی لازوال البم ترتیب دئیے۔پی ٹی وی کے کئی ایک شوز میں انہوں اپنی شوخ و چنچل اور مدھر آواز کا جادو جگایا۔ان کا پی ٹی وی کراچی مرکز سے نشر ہونے والا پنجابی گیت ٹاہلی دے تھلے بہہ کے آ کرئیے پیار دیاں گلاں،بہت مشہور و معروف ہوا۔
پوپ گلوکارہ نازیہ حسن بیگ کا اشتیاق بیگ کے ساتھ نکاح 30 مارچ،1995ء کو انجام پایا اور یہ شادی زیادہ دیرپا نہ رہی۔اس شادی سے ایک بچہ پیدا ہوا اور نازیہ حسن نے اشتیاق بیگ سے طلاق لے لی۔ نازیہ حسن پھیپھڑوں کے سرطان سے لڑتے ہوئے 13اگست،2000ء کو لندن میں انتقال کر گئی اور ہینڈن قبرستان کے مسلم حصہ میں دفن ہوئیں۔
نازیہ حسن پاکستان کی عالمی شہرت یافتہ پوپ گلوکارہ تھی جس کے پوری دنیا میں 65 ملین سے زیادہ ریکارڈ فروخت ہوئے۔ 1980ء میں ہندی فلم قربانی میں اس کا گایا ہوا نغمہ' آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے' اسے شہرت کی بلندیوں پر لے گیا اور اسے صرف پندرہ برس کی عمر میں فلم فیئر ایوارڈ برائے بہترین زنانہ گلوکارہ ملا۔اس کے علاوہ انہیں تمغہ برائے حسن کارکردگی اور بہترین پس پردہ گلوکارہ کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔
اس قدر شہرت کی حامل گلوکارہ کی شادی شدہ زندگی بہت ناکام رہی اور وہ صرف 35 برس کی عمر میں اس جہان فانی سے کوچ کر گئیں۔
0 Comments